Main Menu

پی ایف ایف انتخابات: اشفاق حسین اور انوار قریشی کے درمیان مقابلہ

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کےصدارتی انتخابات کے لیے سید اشفاق حسین اور انوار الحق قریشی امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیں گے۔ انتخابات میں تین نائب صدور، آٹھ ایگز یکٹو کمیٹی اور تین خواتین کو منتخب کیا جائے گا۔

منتخب اراکین بعد میں سیکرٹری جنرل اور دیگر عہدیداروں کا انتخاب کریں گے۔ انتخابات میں دو گروپ جن میں فیصل صالح حیات اور عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر، ظاہر شاہ گروپ کے امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات بدھ12 دسمبر کو سپریم کورٹ بلڈنگ، اسلام آباد میں ہونگے، انتخابات کی ذمہ داری الیکشن ریٹرننگ آفیسر اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل (انسانی حقوق) عامر سلیم رانا کریں گے۔ اس سلسلے میں ووٹر لسٹ پہلے ہی جاری کردی گئی۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس23 ارکان پر مشتمل ہے جس میں پنجاب سے سردار محمد نوید حیدر خان، ملک محمد عامر ڈوگر اور فقیر محمد، سندھ سے سید خادم علی شاہ، سلیم شیخ اور انور قریشی، خیبر پختونخوا سے سید ظاہر علی شاہ، محمد نعمان اور محمد سلیم، بلوچستان سے حاجی سعید احمد، ایاز ظہور اور میر محمد جان مری، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن سے چوہدری محمد سلیم، پاکستان واپڈا سے لیفٹیننٹ کرنل(ر)راجہ آصف مہدی، پاکستان ریلوے سے نور الدین داور، پی آئی اے سے سید بشارت علی، پاکستان پولیس سے وسیم احمد خان، ہائر ایجوکیشن کمیشن سے محمد فیصل بٹ، پاکستان آرمی سے میجر سید غیور علی ہمدانی،پاکستان ائیرفورس سے گروپ کیپٹن ناشر خان، پاکستان نیوی سے کیپٹن ناصر محمود، پاکستان ریفری ایسوسی ایشن سے قاضی آصف اور قومی ویمن چیمپیئن پاکستان آرمی سے مس نیشا اشرف شامل ہیں-

واضح رہے کہ صدارت کے لئے پانچ امیدواروں انوار الحق قریشی، ملک عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر، سید اشفاق حسین شاہ اور ظاہر شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں سے عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر اور ظاہر شاہ کے کاغذات مسترد کردیئے گئے تھے۔ اس طرح اب صدارتی مقابلے پر دو امیدوار فیصل صالح حیات گروپ کے انوار الحق قریشی اور عامر ڈوگر، نوید حیدر گروپ کے سید اشفاق حسین مقابلے پر ہیں۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*