Main Menu

لارڈز کی شکست کا بدلہ:انگلستان کے زخمی شیر اولڈ ٹریفورڈ میں شاہینوں پر فتح یاب، سیریز برابر

پاکستان ٹیم انگلستان کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جانیوالا دوسرا ٹیسٹ میچ 330 دوڑوں کے بھاری بھرکم فرق سے ہار گئی جس سے چار میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی۔

سیریز کے پہلے ٹیسٹ لارڈز میں پاکستانی شاہینوں نے انگلستان کے شیروں کو75دوڑوں کی مات دی تھی لیکن زخمی میزبان شیروں نے پلٹ کر ایسا حملہ کیا کہ شاہینوں کو منہ کی کھانا پڑی۔

انگلستان کی اس فتح کے ہیرو ان کے بلے باز جو روٹ تھے جنہوں نے پہلی باری میں 254اور دوسری باری میں ناقابل شکست 71 دوڑوں کی باری کھیلی۔
انگلستان نے پاکستان کو جیت کے لیئے چوتھی باری میں 565 دوڑوں کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم میچ کے چوتھے روز234 کے مجموعے تک پہنچ کر ہمت ہار گئی۔

پاکستان کو مصباح(35) اور یونس(28) پر مان تھا کہ وہ ٹیسٹ جتوانے کے لیئے نہ سہی ٹیسٹ بچانے کے لیئے وکٹ پر جم کر کھیلیں گے لیکن آج ان کا دن نہیں تھا ۔

آج گوروں کا دن تھا جنہوں نے شاندار گیند بازی کی۔جیمز اینڈرسن(شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق) معین علی(یونس خان، یاسر شاہ) اور ووکس (مصباح، سرفراز ، عامر)نے تین تین بلے باز آﺅٹ کیئے۔ایک وکٹ جو روٹ نے لی۔

پاکستان کی جانب سے حفیظ بیالیس اور اسد شفیق انتالیس رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔

میچ کے بعد مصباح نے یاسر شاہ کی ناکامی کا جواز یہ تلاش کیا کہ پچ چونکہ اس کے لیئے ساز گار نہیں تھی لہذا وہ لارڈز کی طرح یہاں گوروں کو مشکلات میں نہ ڈال سکا۔

میچ کا سکور یہ رہا
پاکستان پہلی باری198 دوڑیں، دوسری باری234 دوڑیں
انگلستان پہلی باری589/8 دوڑیں،173/1 دوڑیں
مردِ میدان جو روٹ(انگلستان)254 دوڑیں،71 دوڑیں

سیریز کا تیسرا ٹیسٹ تین سے سات اگست تک ایجباسٹن برمنگھم میں کھیلا جائیگا۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم وورسسٹر شائر کے خلاف تین روز میچ کھیلے گی جو انتیس جولائی کو شروع ہو گا۔

 






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*