Main Menu

جیت پاکستان کے اشتراک سے علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے ۔سرپرست اعلیٰ علیگیرین کرکٹ اکیڈمی عبدالنعیم خاں

aligarian-cricket-acadmey-n-jeetpakistan-8

جیت پاکستان کے اشتراک سے علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے ۔ سرپرست اعلیٰ علیگیرین کرکٹ اکیڈمی عبدالنعیم خاں

گراونڈ کی سہولت سے محروم کرکٹرز کے لیئے اکیڈمی کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں ۔ چیئرمین اے سی اے رانا عامر رضا

پاکستان کو نامور کھلاڑی فراہم کرنا اب مانگامنڈی کےلئے خواب نہیں رہے گا۔ اکیڈمی ہیڈ زاہد مغل

علاقے اور ملک کا نام روشن کرنے کےلئے ہرکھلاڑی ایمانداری سے محنت کرے گا۔ کپتان جیت پاکستان کرکٹ کلب رانا اسامہ عامر

مانگا منڈی ۔۔رپورٹ:ساجد مغل

علیگڑھ پبلک سکول و کالج کے پرنسپل سکواڈن لیڈر(ر)عبدالنعیم خاں نے علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر چیئرمین اے سی اے کرکٹ اکیڈمی اور علی چلڈرن ہسپتال کے سی اوعامررضا ، اکیڈمی ہیڈ زاہد مغل اور کپتان اسامہ عامر سمیت کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مانگا منڈی بائی پاس ، پولیس اسٹیشن ،ریسکیو1122اور مانگا منڈی کی بہترین تعلیمی درسگاہ علیگڑھ سکول و کالج کے عقب میں بننے والی علیگیرین کرکٹ اکیڈمی (اے سی اے ) میں کھلاڑیوں نے سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی عبدالنعیم خاں اور سی اوعلی چلڈرن ہسپتال رانا عامر کا گل پوشی سے استقبال کیا اورمانگا منڈی میں اپنی نوعیت کی پہلی کرکٹ اکیڈمی کے قیام پر اظہارتشکر کیا۔ سرپرست اعلیٰ اے سی اے عبدالنعیم خاں نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیئے علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کا قیام باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ علیگیرین معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور معاشرے کی لیئے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ تعلیم ہویا کھیل کا میدان علیگیرین اپنے فرائض کی ادائیگی سے ہمیشہ پاکستان کے لیئے فائدہ مند ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے قیام سے انہیں بہت خوشی ملی ہے لیکن وہ اس قابل فخر لمحہ کے منتظر رہیں گے کہ جب کوئی اس اکیڈمی سے کھیلنے والا قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی قوم کا سرفخر سے بلند کرے گا۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے اکیڈمی کے چیئرمین اور علی چلڈرن ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو رانا عامر رضا نے کہا کہ جس دور میں وہ کھیلا کرتے تھے اس وقت انہیں ایسی سہولیات میسر نہیں تھیں لیکن علیگڑھ کالج اور جیت پاکستان کے اشتراک سے بننے والی اس علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو کرکٹ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے ۔ اکیڈمی کے ہیڈ زاہد مغل نے کہا کہ اکیڈمی کے قیام سے قبل نیشنل کرکٹ ٹیم اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مانگا منڈی کے کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھنا ایک ایسا خواب تھا جس کی تعبیر کسی گراونڈ کے بغیر ناممکن تھی لیکن علیگیرین کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے بعد اب یہ خواب حقیقت کا روپ دھارتے نظر آرہے ہیں۔ جیت پاکستان ٹیم کے کپتان رانا اسامہ عامر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم اپنے سینئرز اور اہل علاقہ کی توقعات پر پورا اترنے کے لیئے پوری جان سے کوشش کریں گے اور علاقے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*