Main Menu

پاکستان میں سپورٹس کلچر کوبحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں: صوبائی وزیرکھیل  

khanzadaSportsMinister1

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انٹرنیشنل مقابلوں کے ذریعے پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی چاہتے ہیں ، دہشت گردی نے ملک میں انٹرنیشنل سپورٹس اور سپورٹس انڈسٹری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، والدشجاع خانزادہ نے استحکام پاکستان کے لئے جان دی ، شہید کا بیٹا ہونے پر فخر ہے ،ہماری کوشش ہے کہ پنجاب میں کھیلوں کے انعقاد کے ذریعے سپورٹس کلچر کو دوبارہ بحال کیا جائے ، سکولز کے گراونڈز ختم ہونے سے بھی کھیلوں کو نقصان پہنچا ہے ، نچلے طبقے اور مڈل کلاس کے لئے سہولیات کے باوجود کھیلنا ممکن نہیں رہا، پنجاب حکومت شہریوں کے لئے 48 گراونڈز اپ ڈیٹ اور متعدد جمنیزیم تیار کرکے کھیل کے کلچر کو فروغ دی رہی ہے ،پنجاب دوسرے صوبوں کے ساتھ ملکرملک میں انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔

 صوبائی وزیر کھیل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کھیل کو اہمیت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے نیاٹیلنٹ سامنے نہیں آسکااور پاکستان کی سپورٹس دن بدن نیچے چلی گئی رہی سہی کسر دہشت گردوں نے کھلاڑیوں کو نشانہ بناکر پوری کردی جس نے ہمارے ملک کی سپورٹس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ شہید نے استحکام پاکستان کے لئے جان دی اور مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں تاہم ان کی فیلڈ یعنی سیاسی میدان میںان کی کمی محسوس کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے انٹرنیشنل کرکٹ ہی نہیں چھینی گئی بلکہ ہماری سپورٹس انڈسٹری کو بھی بہت نقصان پہنچایا گیا ہے اس کے باوجود پنجاب حکومت اور ان کی پوری ٹیم ملک میں کھیل کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے اور اس منصوبے کے لئے پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ سے آزمائشی طور پر ایک ایک سکول کومنتخب کرکے اس میں کھیل کے میدان بنائے جائیں گے ، ان میدانوں میں فلڈ لائٹس کی سہولت بھی دی جائے گی اور ہر علاقے میں کھیل کی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کھیل کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس سے پنجاب اور پاکستان لیول پر نیا ٹیلنٹ سامنے آنا شروع ہوجائے گا۔

 ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خانزادہ کا کہنا تھا کہ نچلے طبقے اور مڈل کلاس کے لوگوں کے لئے سہولیات ہونے کے باوجود کھیلوں کی طرف راغب ہونا ممکن نہیں رہا تاہم ملک کے لئے عزت کمانے والے کھلاڑیوں کی اکثریت اس طبقہ سے تعلق رکھتی ہے اس لئے پنجاب حکومت مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے علاقوں میں کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کرکے اس کلاس کو متوجہ کرنا چاہتی ہے ۔

صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ نئی آسٹروٹرف اور ٹارٹن ٹریک کے منصوبے جلد مکمل کرلیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نئی ٹرف بچھانے کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ایک اجلاس کے بعد اس کی حتمی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ پنجاب فٹ بال سٹیڈیم میں ٹارٹن ٹریک کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے جسے جلد مکمل کرلیں گے ۔

جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب میں کھیل کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے 9 گیمزکو فروغ دے رہے ہیں ۔ پنجاب کے روایتی کھیلوں کبڈی اور کشتی سمیت کرکٹ ، فٹ بال ، ہاکی ، ٹینس ، باکسنگ اور سکواش جیسے کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہ، اس مقصد کے لئے پنجاب سپورٹس بورڈ نے ماہر کوچ اور کنسلٹنٹ رکھے ہیں جو پنجاب بھر میں کھیل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

انٹرویو: اشفاق مغل / تصاویر : شاہنواز






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*