Main Menu

ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی : نیئر اقبال

nayyerIqbal

سیکرٹری امورنوجوانان ، سپورٹس ، آثار قدیمہ و سیروتفریح نیئراقبال نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے سپورٹس بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کردیا گیا ہے ، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ٹورازم میں بہتری آرہی ہے امید ہے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہوجائے گی ۔

 سیکرٹری سپورٹس نیئر اقبال نے ایک خصوصی ملاقات میں بتایا کہ انہوںنے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے پنجاب میں کھیل ، سیروتفریح ، نوجوانوں کی فلاح کے منصوبے اور آثار قدیمہ کے تحفظ کے لئے متعدد اہم اقدامات کیئے ہیں جس سے تمام شعبوں میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتری کی امید ہے ۔ سپورٹس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب کے لوگوں کو کھیل کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے 3 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے صوبے کے مختلف علاقوں میں 50 جمنیزیم تیا رکیئے جائیں گے جس میں سے 22 جمنیزیم افتتاح کے لئے تیار ہیں اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں 22 گراونڈز کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تیار کررہے ہیں اور ان 22 میں سے 7 میدانوں میں فلڈ لائٹس اور 15 مصنوعی روشنیوں کے بغیر بنائے جائیں گے ۔

انہوںنے بتایا کہ 86 کروڑروپے کی لاگت سے بننے والے ان میدانوں میں سے 7 افتتاح کے لئے تیار ہیں جبکہ باقی میدان رواں سال دسمبر تک تیار ہوجائیں گے ۔آثارقدیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیئر اقبال کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹیکسلا سے سوات تک آثار قدیمہ کے مختلف منصوبوں کومکمل کیا گیا ہے ۔ ٹورازم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری نیئر اقبال کا کہنا تھا کہ لاہور میں ٹوریسٹ بس سروس ، بہاولپور میں چولستان جیپ ریلی اور مظفرگڑھ اور لیہ میں تھل جیپ ریلی غیرملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے ۔

سیکرٹری سپورٹس نیئر اقبال نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف 15 اگست کو سوئمنگ پول کا افتتاح کریں گے ۔ بین الاقوامی معیار کا سوئمنگ پول سوئمرز کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے بالکل تیار ہے جس سے مستفید ہونے والے کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کریں گے ۔
انٹرویو: اشفاق مغل / تصاویر : عبدالقادر






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*