Main Menu

پاکستان نے سیریز اور ویسٹ انڈیز نے ڈالر اور دل جیت لیئے

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں آٹھ وکٹو ں سے زیرکر کے سیریز تین صفر سے جیت لی۔منگل کو کراچی میں کھیلے گئے اس میچ میں فخر زمان اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت سے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے فلیچرکے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے 52 رنز اور دنیش رامدین کی صرف 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت ناقابل شکست 42 رنز کی باری کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں پر ایک سو ترپن رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باولر رہے جبکہ فہیم اشرف، عثمان شنواری اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جوابی باری میں پاکستان کے لیئے فخرزمان نے 17 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بناکر پاکستان کو فتح کا راستہ دکھا دیا۔ان کے ساتھی افتتاحی کھلاڑی بابر اعظم نے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ آصف علی نے 25 اور حسین طلعت ناقابل شکست 31 رنز بنا کر انیس گیندیں قبل پاکستان کو فتح دلوا دی۔ فخر زمان مردِ میدان اور بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ویسٹ انڈیز نے اس دورے کے لیئے اپنے کھلاڑیوں کو بھاری معاوضہ ادا کیا ۔مہمان کھلاڑی تین دن لگاتار میچ کھیل کر پرفارمنس تو زبردست نہ دے سکے تاہم انہوں نے پاکستانیوں کے دل جیت لیئے۔

آخری میچ کے لیئے پاکستانی ٹیم: سرفراز احمد(کپتان)، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری۔

ویسٹ انڈیز: جیسن محمد(کپتان)، آندرے فلیچر، روومین پاول، مارلن سیمیولز، کیمو پال، دنیش رامدین، آندرے میک کارتھی، اوڈین اسمتھ، چیڈوک والٹن، ریاض ایمرت اور سیمیول بدری۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*