Main Menu

دولت مشترکہ ہاکی مقابلے: چوتھا میچ، پاکستان کو پھر جیت ملی نہ ہار ہوئی

دولت مشترکہ ہاکی مقابلوں میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔یہ پول بی میں پاکستان کا لگاتار چوتھا اور آخر میچ تھا جس میں پاکستان کو جیت ملی نہ ہار ہوئی۔

پاکستان اب جمعہ کو کینیڈا کے خلاف ساتویں پوزیشن کے لیئے میدان میں نکلے گا۔

بدھ کو گولڈ کوسٹ ہاکی ایرینا میں کھیلتے ہوئے پاکستان نے شفقت رسول کے ذریعے میچ کے پہلے کوارٹر میں گول بنا یا لیکن ملائیشیا نے کھیل کے تیسرے کوارٹر میں فیلڈ گول کے ذریعے گول بنا کر میچ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

اس میچ میں ملائیشا اور پاکستان کو پانچ، پانچ پینلٹی کارنر ملے لیکن دونوں ٹیموں کی جانب سے فیلڈ گول بنائے گئے۔

پاکستان نے ویلز کے خلاف میچ ایک ایک سے برابر کھیل کر اپنی مہم کا آغاز کیا جس کے بعد اس کا بھارت اور انگلستان کے خلاف مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔

سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلستان سے اور بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہورہا ہے۔

گروپ اے سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیئے کوالیفائی کیا جبکہ گروپ بی سے بھارت اور انگلستان سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ٹہرے۔

پاکستان اور ملائشیا کے چار چار پوائنٹس تھے اورملائیشا کا گولوں کا فرق پاکستان کے صفر کے مقابلے میں بھی منفی پانچ تھا لیکن چونکہ اس نے لیگ مقابلوں میں پاکستان کی صفر فتوحات کے مقابلے میں ایک فتح حاصل کی تھی لہذا اس کی پوزیشن پول میں تیسری رہی۔

ویلز کی ٹیم پاکستان کی طرح میچ تو کوئی نہ جیت سکی تاہم اسے تین میچوں میں شکست کا سامنا ضرور کرنا پڑا۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*