Main Menu

دورہ برطانیہ: فواد عالم ۔۔ چل ہٹ،امام الحق ۔۔۔ آجا بیٹاٹیم میں

انضمام الحق کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نےدورہ انگلستان و آئرلینڈ کے دوران کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ میچوں کے لیئے تجربہ کار بلے باز فواد عالم کو” ہٹ پرےکرتے ہوئے نوجوان بلے باز امام الحق کو” آ جا بیٹا“ کہہ کرقومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

چیف سلیکٹر نے سرفراز احمد کی کپتانی میں 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایکروزہ کرکٹ میں عمدہ کھیلنے والے مردان کے فخرزمان اور کراچی کے بلے بازسعد علی کے ساتھ ساتھ لاہور کے عثمان صلاح الدین اور قصور کے فہیم اشرف کو بھی پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

توقعات کے عین مطابق ایک بار پھر کراچی سے تعلق رکھنے والے الٹے ہاتھ کے بیتس سالہ بلے بازفواد عالم ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

چیف سلیکٹر کے بھانجے بائیس سالہ امام الحق، جنہوں نے 34 فرسٹ کلاس میچوں میں34.46 کی اوسط سے 1792 رنز بنا رکھے ہیں، کو ٹیسٹ اور ایکروزہ کرکٹ میں چالیس سے اوپر اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں پچپن سے اوپرکی اوسط سے رنز بنانے والے فواد عالم پر ترجیح دی گئی ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سامنے امام الحق کی آخری تین فرسٹ کلاس باریوں اور پانچ ایکروز(بشمول چار لسٹ اے میچ) میچوں کی کارکردگی بھی سامنے تھی جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 88 رنز سکور کیئے لیکن وہ پھر بھی خوش قسمت ٹہرے۔

ٹیم ٹیسٹ میچوں کے لیئے منتخب ہوئی ہے لیکن چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ چونکہ آئندہ برس کرکٹ ورلڈ کپ انگلستان میں ہی کھیلا جائے گا، اور اس حوالے سے ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

ٹیم میں افتتاحی بلے باز شان مسعود اور یاسر شاہ زخمی ہونے کی بنا پر شامل نہیں کیئے گئے تاہم تیز گیند باز وہاب ریاض کو توقعات کے مطابق معیار پر پورا نہ اترنے کی پاداش میں ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔

ایک ٹیسٹ کا تجربہ رکھنے والے لیگ سپنر شاداب خان زخمی یاسر شاہ کی جگہ شامل کیئے گئے ہیں۔

پاکستان ٹیم کا دورہ برطانیہ مئی سے شروع ہو رہا ہے ۔ پاکستان ٹیم اپنے دورے کے شروع میں گیارہ مئی کو ڈبلن میں آئرلینڈ کی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیئے آئرش ٹیم سے نبردآزما ہوگی اور پھر انگلستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ میچ میں لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ میں 24 مئی سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ یکم جون سے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

آخر میں پاکستان ٹیم اسکاٹ لینڈ میں میزبان ملک اور ہالینڈکے ساتھ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قسمت آزمائی کرے گی۔

منتخب ٹیم: سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، سمیع اسلم، امام الحق، بابر اعظم، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان، محمد عامر، محمد عباس، راحت علی، حسن علی، فہیم اشرف، سعد علی اور فخر زمان ۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*