Main Menu

چیمپئنز ٹرافی ہاکی 2018: پاکستان کی تیاریوں کا آغاز

ہاکی کی سینتیسویں چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلے میں قومی ہاکی ٹیم کا فزیکل کنڈیشننگ کیمپ پیر سے ایبٹ آباد میں شروع ہورہا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 23 جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریدا میں کھیلی جائے گی۔

پی ایچ ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے پہلے مرحلے میں فزیکل کنڈیشنگ کیمپ کیلئے 38 سینئرز کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسی ماہ آسٹریلیا میں منعقدہ دولت مشترکہ ہاکی مقابلوں میں پاکستان ساتویں پوزیشن پر رہا۔تاہم ہالینڈ کے کوچ کی زیر نگرانی قومی ٹیم کی کارکردگی میں پہلے کی نسبت جان پڑتی ہوئی نظرآئی۔

سینتیسویں چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔

رواں برس ہونے والی اس چھ ملکی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

میزبان ہالینڈ، اولمپک چیمپئن ارجنٹینا، بیلجیئم اور بھارت بھی ایونٹ میں شریک ہے۔

دس بار کی فاتح جرمنی اور دو ہزار چار کی فاتح سپین اس مرتبہ شریک مقابلہ نہیں ہیں۔

پاکستان ٹیم کے دیگر مقابلے۔
چوبیس جون :پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا
چھبیس جون: پاکستان بمقابلہ ہالینڈ
اٹھائیس جون: پاکستان بمقابلہ ارجنٹینا
انتیس جون : پاکستان بمقابلہ بیلجیئم

چیمپئنز ٹرافی مقابلوں کے اہم ریکارڈز:

آسٹریلیا نے سب سے زیادہ چودہ ٹائٹل جیتے ، جرمنی دس بار اور ہالینڈ آٹھ مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنا۔

چیمپئنز ٹرافی کا آغاز انیس سو اٹہتر میں لاہو ر میں ہوا جہاں پاکستان چیمپئن بنا۔پاکستان نے یہ اعزاز تین مرتبہ جیتا ہے ، آخری مرتبہ انیس سو چورانوے میں۔

دو ہزار سولہ کی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے شرکت نہیں کی۔

دو ہزار چودہ میں پاکستان فائنل میں پہنچا لیکن جرمنی سے دو صفر سے شکست کھا گیا۔

بھارت یہ ایونٹ ابھی تک نہیں جیت سکا۔دو ہزار سولہ میں پہلی بار وہ فائنل میں پہنچا ۔

پاکستان سات مرتبہ رنرز اپ رہا جبکہ بھارت نے یہ اعزاز صرف ایک مرتبہ حاصل کیا۔

پاکستان نے سات مرتبہ ہی تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ جیتا۔دوسری جانب بھارت صرف
ایک مرتبہ کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوا۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*