Main Menu

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: 4 روزہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم

دبئی، متحدہ عرب امارات میں پاکستان اے اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار روزہ ٹور میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے پہلی اننگز چار سو چورانوے رنز چار کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کردی اور پاکستان اے کے خلاف دو سو سولہ رنز کی برتری حاصل کی۔آسٹریلیا کے مچل مارش نے ایک سو باسٹھ رنز کی شاندار باری کھیلی۔

دوسری اننگز میں پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو اکسٹھ رنز بنائے تھے کہ امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔دوسری اننگز میں پاکستان اے کی جانب سے عابد علی اوراسد شفیق نے نصف سنچریاں سکور کیں۔عابد علی نے باون اور اسد شفیق نے انہتر رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے ”جان۔ہالینڈ“ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی پہلی باری میں بھی عابد علی نے شاندار پچاسی رنز بنائے تھے جبکہ سمیع اسلم اکاون رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیمیں 16اکتوبر سے ابوظہبی میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی جس کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

یاد رہے کہ 2014 میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے 0-2 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخر زمان، اظہر علی، عثمان صلاح الدین، اسد شفیق، بابر اعظم ، حارث سہیل، یاسر شاہ، بلال آصف، شاداب خان، محمد عباس، حسن علی، محمد رضوان وہاب ریاض، فہیم اشرف اور میر حمزہ پر مشتمل ہے۔

اس ٹیم میں محمد حفیظ کو بعد میں شامل کیا گیا ہے۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*