Euro Football Cup 2016
فرانسیسیوں کے دل چکنا چور: رونالڈو کی ٹیم پرتگال میزبان فرانس کو ہرا کر پہلی بار یورپی فٹ بال چیمپئن
یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں توقعات کے برعکس پرتگال نے میزبان فرانس کی ٹیم کوایک صفر سے شکست دیکر ٹرافی اٹھا لی۔
فرانس کے شہر سینٹ ڈینس کے ستادے دی فرانس سٹیڈیم میں کھیلے گئےمیچ کا فیصلہ اضافی وقت میں اس وقت ہوا جب متبادل سٹرائیکر ایڈر نے ایک سو نوویں منٹ میں لمبے فاصلے سے لگائی جانے والے ضرب کے ذریعے گول بنا ڈالا۔
اس سے قبل پرتگال کے کپتان رونالڈو ان فٹ ہونے کی وجہ سے پورا میچ نہ کھیل پائے۔
فرانس کی شکست پر اس کے تماشائیوں اور کھلاڑیوں کے دل ٹوٹ گئے جبکہ پرتگالی خوشی سے پھولے نہ سمائے۔ رونالڈو سب سے زیادہ خوش نظر آئے۔
واضح رہے کہ پرتگال کی ٹیم اپنے گروپ کا کوئی بھی میچ جتنے میں ناکام رہی تھی تاہم گروپ میں بہتر گول ایوریج پر تیسری پوزیشن لینے کی وجہ سے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جا پہنچی اور پھر اگلے چار میچ جیت کر چیمپئن بن گئی۔
سیمی فائنل میں جرمن دیوار گرانے کے بعد دو بار کی یورپی چیمپئن فرانس کی ٹیم تیسرے اعزاز کے لیئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر ی ۔فرانسیسی فٹ بال ٹیم کے چاہنے والوں کی نظریں اس کے سٹار فارورڈ انتونیو گریز مان پر لگی ہوئی تھیں جو اب تک چھ گول سکور کر فرانس کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر چکے تھے ۔
تاہم فائنل میں ان کی نہ چل سکی۔وسری طرف پرتگال ٹیم کے پرستاروں کی رونالڈو سے امیدیں برآئیں۔ انہیں پتہ تھا کہ اگر کوئی معجزہ ہونا ہے تو وہ رونالڈو کے بہتر کارکردگی کی وجہ سے رونما ہو سکتا ہے۔ رونالڈو تو دوسرے ہاف میں زخمی ہو کر باہر چلے گئے اور معجزہ انکے متبادل ایڈر نے کر دکھایا۔
پرتگال کا چمپئن بننے کا سفر
دس جولائی :فائنل,فرانس0-1 پرتگال
چھ جولائی :سیمی فائنل۔ پرتگال2-0 ویلز
تیس جون:کوارٹر فائنل:پولینڈ 1-1 پرتگال
(پیلنٹی ککس پر تین کے مقابلے میں پانچ گول سے پرتگال فاتح )
پچیس جون:پری کوارٹر فائنل:کروشیا 0-1 پرتگال
گروپ ایف مقابلے
بائیس جون : تیسرا میچ ،ہنگری 3-3 پرتگال
اٹھارہ جون: دوسرا میچ،پرتگال 0-0 آسٹریا
چودہ جون:پہلا میچ، گروپ ایف۔ پرتگال1-1آئس لینڈ
چیمپئن شپ کی اہم باتیں
دوہزار آٹھ اور دو ہزار بارہ کی دفاعی چیمپئن سپین کوارٹر فائنل میں اٹلی سے ہار گئی تھی۔
ویلز نے غیر متوقع طورپر عمدہ کارکردگی دکھائی اور سیمی فائنل تک پہنچی۔