Main Menu

پاکستان سپر لیگ3: ملتان کے سلطان پلے آف کے لیئے دوسروں کے رحم وکرم پر

پاکستان سپرلیگ میں منگل کو کھیلے گئے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطان کو 33رنز سے شکست دے کرپلے آف کھیلنے کا پروانہ حاصل کر لیا جبکہ ملتان سلطانز پلے آف میں جگہ بنانے کے لیئے اب دوسروں( پشاور زلمی اور کراچی کنگز)کے رحم و کرم پر ہے۔

ملتان سلطانز کی یہ لگاتار چوتھی شکست ہے۔

شارجہ میں کھیلتے ہوئے توقع کے برعکس ملتان سلطان کی فرنٹ لائن بری طرح ناکام رہی جبکہ ان کے بولرز بھی نہیں چل سکے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 185رنز کے جواب میں ملتان سلطان کی ٹیم 152 رنز بناکر آوٹ ہوگئی ۔ ملتان سلطان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر مخالف ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر 185 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

رونکی نے شاندار نصف سینچری سکور کی اور 58 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی ۔ اسکے علاوہ ہیلس نے 46 اور حسین طلعت نے 36 رنز بنائے ۔ عمر گل نے 26 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ جواب میں ملتان سلطان کی ابتدائی وکٹیں جلد گرتی رہیں ۔

اوپنر سنگاکارا ایک ، احمد شہزاد 3، صہیب مقصود 13، شعیب ملک 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کیرون پولرڈنے کسی حد تک مزاحمت کی اور 73 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پاٹیل اور شاداب نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ بارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کوئٹہ دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز نو پوائنٹس کے ساتھ تیسری نمبر پر ہے۔ ملتان سلطانز کے بھی نو پوائنٹس ہیں لیکن انہوں نے کراچی کے آٹھ میچوں کے مقابلے میں اپنے مکمل دس میچ کھیل لیئے ہیں۔

سپر لیگ میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ کے دوران چیئرمین باکس میں موجود تماشائیوں کے دوران دلچسپ نعرے بازی دیکھنے میں آئی ۔ ایک گروپ کی جانب سے جیئے بھٹو اور دوسرے گروپ کی جانب سے جیئے پی ٹی آئی اور گونواز گو کے نعرے لگتے رہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کے دوران سپورٹرز اسلام آباد یونائیٹڈ تیرے جانثار بے شمار کے نعرے لگاتے رہے ۔

ادھرپاکستانی کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل تھری میں کوالٹی کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ پلے آف میچز میں سنسنی خیزمقابلوں کا
امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں فائنل کا انعقاد اس شہر کے تماشائیوں کے لئے ایک بڑی خوشخبری ہے ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جو پہلے ہی پلے آف کے لیئے کوالیفائی کر چکی ہے، بدھ کو لاہور قلندر کے خلاف کھیلے گی۔

جمعرات کو پشاور زلمی کا کراچی سے اہم میچ ہوگا۔اس روز پہلے دو درجوں پر براجمان اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہو ں گے۔

جمعہ کو د و میچ کھیلے جائیں گے جو کہ پلے آف سے پہلے آخری مقابلے ہوں گے۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی کا سامنا لاہور قلندر سے ہوگا اور دوسرے میچ کے لیئے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میدان لگے گا۔

پہلا پلے آف آٹھارہ مارچ کو دبئی میں ، دوسرا پلے آف بیس مارچ کو لاہور میںجبکہ تیسرا پلے آف بھی لاہور میں اکیس مارچ کو کھیلا جائے گا۔

فائنل پچیس مارچ کو کراچی میں ہوگا۔






Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked as *

*